معجزات کے عقلی و سائنسی پہلووں پر مختلف محققین نے طبع آزمائی کی ہے ، صاحبِ تفسیر عثمانی مولانا شبیر احمد عثمانی رحمہ اللہ نے اپنے رسالے ‘ اسلام اور معجزات’میں لکھا کہ معجزات قوانین فطرت کے خلاف نہیں ہوتے بلکہ ایک اعلی قانون فطرت پر ہی مشتمل ہوتے ہیں جسکو ہم اپنی کم علمی کی وجہ سے جان نہیں پاتے اور اسے قوانین فطرت کے خلاف سمجھنے لگتے ہیں جیسے اگر آج سے تین صدی پہلے کا کوئی آدمی جہاز کو اڑتا دیکھ لے تو وہ اسے بھی معجزہ خیال کرے گا ۔پیش نظر تحریر معجزات کے موضوع پر ایسے ہی نکات کو بیان کرتی ایک منفرد تحقیق ہے جو جدید مسلم تشکیکی ذہن کے اطمینان کے لیے پیش کی جارہی ہے۔ ہمارا اس تحریر کی ہر بات اور نتیجے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ ایڈمن
٭٭
معجزات کا موضوع صدیوں سے فلاسفہ، متکلمین اور مسلم علماء و مفکرین کے ہاں زیرِ بحث رہا ہے اور حقیقت معجزہ، تاویل معجزہ، دفاع معجزہ، معجزات انبیاء اور معجزات خاتم الانبیاء جیسے اہم اور متنوع موضوعات پر مشتمل تصنیفی ادب کا بہت بڑا ذخیرہ کتب خانوں کی زینت بن کر اہل علم کی تسکین و تشفی کا سامان بہم پہنچا رہا ہے۔ یہ موضوع مسلم اور غیر مسلم ہر دو مفکرین کی فکری جولا نگاہوں کا مرکز رہا ہے۔ غزالیؒ، رازیؒ اور ابن تیمیہؒ کی تحقیقات، ان کی علمی، فکری اور ذہنی توانائیوں کی بھر پور عکاسی کرتی ہیں۔ متاخرین میں سے سرسید احمد خان، شبلی نعمانی، ڈاکٹر اقبال، مولانا بدر عالم میرٹھی، مولانا شبیر احمد عثمانی، مولانا حفظ الرحمٰن سیوہاروی، سید سلمان ندوی، عبدالباری ندوی، غلام احمد پرویز اور شیخ مصطفیٰ صبری بک نے اپنے اپنے نقطۂ نظر سے معجزات کی تشریح و توضیح کی ہے۔ <1>undefinedمغربی فلسفہ میں سے وولسٹن (Woolston)، ہکسلے (Huxley)، ہیوم(Hume) نے انکار معجزات پر عقلی استدلال سے کام لیا ہے جس پر خود مغربی مفکرین نے نقد و جرح (Criticism) کی ہے۔<2>undefined
قرآن حکیم نے جو کہ تاقیامت پوری انسانیت کے لئے خالق کائنات کی طرف سے آخری صحیفہ ہدایت ہے، انبیاء کرام ؑ کے متعدد معجزات کو محفوظ کر دیا ہے اور قرآن حکیم کی شہادت ان معجزات کے یقینی ہونے کا قطعی ثبوت ہے۔
قرآنیات کے ایک ادنیٰ طالب علم کی حیثیت سے یہ سوال راقم کے ذہن میں بار بار کھٹکتا رہا کہ سابقہ انبیاء کرام کے خوارق و معجزات کا قرآن حکیم میں تفصیل اور تکرار کے ساتھ اعادہ کس حکمت کے تحت ہوا ہے؟ قرآن حکیم کا عمومی اسلوب تو واضح ہے کہ وہ غیر ضروری تفصیلات سے گریز کرتے ہوئے صرف ان واقعات و مضامین کو اجمال و اختصار کے ساتھ بیان کرتا ہے جن میں انسانیت کے لئے ہدایت و راہنمائی اور وعظ و نصیحت کا کوئی نہ کوئی پہلو موجود ہو۔ معجزات کے حوالے سے ہمارے لئے اس کتاب ہدایت میں راہنمائی کا کون سا پہلو موجود ہے؟ راقم نے اس مقالہ میں اس کا جواب تلاش کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہ نتائج فکر قطعی اور حتمی نہیں۔ نہ ہی راقم کو ان کی صحت پر اصرار ہے۔ تاہم ان پر بحث کی کافی گنجائش موجود ہے جنہیں اپنے محدود اور ناقص علم کی روشنی میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کرتا ہوں۔
محققین کے نزدیک معجزہ وہ خلاف عادت چیز ہے جو سوال اور دعویٰ (نبوت) کے بعد ظاہر ہو جو ہر حیثیت سے محال نہ ہو اور لوگ باوجود کوشش اور تدبیر کے اس قسم کے معاملات میں پوری فہیم و بصیرت رکھتے ہوئے بھی اس کے مقابلہ سے عاجز ہوں۔ (حد المعجزة ان يظهر عقيب السؤال والدعویٰ ناقصاً للعادة من غير استحالة بجميع الوجوه يعجز الناس عن اتيان مثله بعد التجهد والاجتهاد اذا کان بهم حذاقة وزرافة فی مثل تلک الصنيعة)۔<3>undefined
بعض دیگر علماء نے سوال اور مطالبے کی شرط ذکر نہیں کی کیونکہ بہت سے معجزات سوال اور مطالبے کے بغیر بھی پیش ہوتے رہے۔
معجزہ کے ذریعہ چونکہ ایسا واقعہ ظہور میں آتا ہے جو قوانین فطرت کی عام روش سے ہٹا ہوا ہوتا ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ مدعی نبوت رب العالمین کا نمائندہ ہے جس نے اس کی صداقت ثابت کرنے کے لئے اپنی براہ راست مداخلت سے وہ واقعہ نشانی کے طور پر صادر کیا ہے اس لئے یہ کہنا بجا نہ ہوگا کہ معجزات سے مقصود بنیادی طور پر نبی کی نبوت و صداقت اور قدرت خداوندی کا اظہار و اثبات ہے مگر یہ دعویٰ، جب کہ عموماً خیال کیا جاتا ہے کہ معجزات کا ظہور اسی مقصد کے لئے ہے، ہماری ناقص رائے میں محل نظر ہے۔ کیونکہ سب معجزات نہ تو کفار کے مطالبے پر پیش کئے گئے اور نہ ہی ان سے مقصود نبوت کی تائید و تصدیق تھی۔ بہت سے معجزات کا مقصد مومنین کی مادی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل و مشکلات کا ازالہ بھی تھا۔ انبیاء کرام نے انسان کی روحانی ضرورتوں کے ساتھ ساتھ ان کی مادی فلاح اور ترقی کے وہ نمونے پیش کئے جن پر آج سائنس ترقی کی معراج تک پہنچنے کے باوجود بھی انگشت بدنداں ہے۔ حضرت موسیٰؑ کے کئی ایک معجزات اسی نوعیت کے ہیں جو اسرائیلیوں کے سامنے ظاہر ہوئے جو موسیٰؑ کی نبوت پر ایمان اور قدرتِ الٰہیہ پر اعتقاد رکھتے تھے مثلاً صحراء سینا میں ان کے لئے خوراک کا انتظام ہوا: ﴿وَأَنْزَلْنَا عَلَيْکُمُ الْمَنَّ وَالسَّلْوَى﴾<4>undefined یعنی ﴿اور ہم نے تم پر من و سلویٰ اتارا﴾ اور ان کے پانی کا انتظام کیا: ﴿فَقُلْنَا اضْرِبْ بِعَصَاکَ الْحَجَرَ فَانْفَجَرَتْ مِنْهُ اثْنَتَا عَشْرَةَ﴾<5>undefined یعنی ﴿ہم نے کہا پتھر پر اپنا عصا مارو پھر اس سے بارہ چشمے پھوٹ پڑے﴾، سورج کی گرمی اور تپش سے حفاظت کے لئے بطور معجزہ بادلوں کے سائے کا انتظام ہوا: ﴿وَظَلَّلْنَا عَلَيْکُمُ الْغَمَامَ﴾<6>undefined یعنی ﴿ہم نے ان کے لئے بادلوں کے سایہ کا انتظام کیا﴾۔
حضرت عیسیٰؑ کے طب سے متعلقہ معجزات جن کے ذریعے وہ مادر زاد اندھوں اور کوڑھ کے مریضوں تک کا علاج فرما کر انہیں تندرست کر دیتے تھے یہ بھی اسی نوع سے متعلق ہیں۔ اس قسم کے معجزات سے اصل مقصود تو قدرت الٰہی کا اظہار و اثبات ہے مگر ان کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ یہ معجزات بظاہر مظاہرِ فطرت کی تسخیر اور ان سے استفادہ کو عملاً ممکن بنا کر سائنسی ترقی کا اہم محرک (Motive) بھی ثابت ہوئے ہیں کیونکہ ان کے ذریعے اس امکان کا اظہار کیا گیا ہے کہ اس کائنات میں جو واقعات بصورت معجزات خلاف عادت طور پر ظاہری اسباب کے بغیر ظہورمیں آئے ہیں ان کا اسباب کے تحت بھی وجود میں آنا ممکن ہے۔ سوائے ان معجزات کے جن کے متعلق یہ بتلا دیا گیا ہو کہ ان کی نظیر پیش نہیں کی جا سکتی جیسا کہ قرآن مجید کا یہ دعویٰ ہے کہ اس کی مثل ایک سورۃ بھی پیش نہیں کی جا سکتی<7>undefined جو کہ آنحضرت ﷺ کا سب سے بڑا معجزہ ہے اور قیامت تک انسانیت کے لئے کھلا چیلنج ہے۔
علم و تحقیق کے میدان میں مشاہدات و تجربات کے ذریعے جو چیز سائنسی حقیقت (Scientific Truth) کی حیثیت اختیار کرتی ہے، ابتداء میں اس کی حیثیت ایک مفروضے کی ہوتی ہے۔ آج سائنس اور ٹیکنالوجی کے جن جن شعبوں میں انسانیت نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے ان کے بہترین نمونے معجزات انبیاء میں موجود ہیں۔ محققین اور سائنسدانوں نے انہی مفروضات کی بنیاد پر اپنے تجربات و مشاہدات کے ذریعہ مادی اسباب کے تحت اور فطرتی قوانین (Law of Nature) کے دائرے میں بہت سی ان چیزوں کو ممکن بنا دیا ہے جنہیں اس سے قبل ناممکن خیال کیا جاتا تھا۔ آج بھی ان نمونوں (Models) کو سامنے رکھ کر ترقی کی ان منازل کو طے کیا جا سکتا ہے جن تک انسانیت کی رسائی تا حال ممکن نہیں ہو سکی۔ مسلمانوں کی سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں علمی پسماندگی کے پسِ منظر میں معجزات کے متعلق یہ مباحثہ (Debate) اور نقطۂ نظر اہل علم و تحقیق کی خصوصی توجہ کا طالب ہے جس کی طرف مسلم علماء نے کوئی توجہ نہیں دی البتہ اس اہم نقطہ کی بنیاد ہمیں اس گفتگو سے ملتی ہے جو برصغیر کے نامور محدث اور اپنے دور میں اسلامی شریعت و فلسفہ کی نابغہ شخصیت مولانا انور شاہ کشمیری ؒ (جن کے علوم و معارف سے ڈاکٹر اقبال مرحوم فیضیاب ہوئے) اور ڈاکٹر اقبال کے درمیان ہوئی۔ علامہ کشمیری نے اقبال مرحوم سے اپنی گفتگو میں اسی پہلو کی طرف اشارہ کیا ہے۔ <8>undefined راوی لکھتے ہیں:
ڈاکٹر اقبال مرحوم کے سامنے حضرت شاہ صاحب (مولانا انورشاہ کشمیری ؒ) نےجو علمی جواہرات بیان فرمائے ان میں ایک موضوع یہ تھا کہ امت میں سائنس و طبعیات میں جو حیرت انگیز ترقیاں ہوئی ہیں انبیاء کے معجزات میں ان کی نظیریں موجود ہیں اور انبیاء کرام کے معجزات میں یہ چیزیں قدرت نے اس لئے ظاہر کروائیں کہ یہ آئندہ امت کی ترقیات کے لئے تمہید ہوں اور فرمایا کہ “ضرب الخاتم” میں اس کی طرف میں نے اشارہ کیا ہے۔<9>undefined
اس نقطۂ نظر کی روشنی میں جب ہم معجزات کا جائزہ لیتےہیں تو ہمیں آج بھی ان کی افادیت اور اہمیت نمایاں نظر آتی ہے۔جنہیں قرآن حکیم تکرار اور اعادے کے ساتھ ذکر کرتا ہے۔ ان معجزات نے نہ صرف مفروضات کو سائنسی حقائق بنانے میں مدد دی ہے بلکہ وہ آج بھی سائنسی ارتقاء کا ایک اہم محرک ہیں۔ معجزات کی سائنسی افادیت کی توضیح درج ذیل مثالوں سے بخوبی ہوسکتی ہے:
۱
۔قرآن حکیم میں ہے جب
حضرت ابراہیمؑ
کو آگ میں ڈالنے کا حکم ہوا۔ ﴿قُلْنَا يَا نَارُ کُونِي بَرْدًا وَسَلَامًا عَلَى إِبْرَاهِيمَ﴾<10>undefined یعنی ﴿ہم نے کہا اے آگ! ابراہیم ؑ پر ٹھنڈی اور سلامتی والی بن جا﴾ اگرچہ آگ جلاتی ہے مگر اس سے آکسیجن کو خارج کر دیا جائے تو وہ فوراً بجھ جاتی ہے ممکن ہے اللہ نےاپنی قدرت کے ذریعے آگ کو ٹھنڈا کر دیا ہو یا ان کے جسم میں ایسی تبدیلی پیدا کر دی ہو۔ (دوسری توجیہ زیادہ قرین قیاس ہے( جس کے ذریعے ان پر آگ اثر انداز نہ ہو سکے یہ معجزہ آگ سے تحفظ کے فطرتی قوانین تک رسائی کے لئے اہم محرک ثابت ہوا ہے اور آج ایسے مخصوص پینٹس (Paints) ایس بس ٹاس (Aesbestos) اور فائر پروف لباس وجود میں آ چکے ہیں جن کے استعمال کے ذریعہ آگ کے اثرات سے بچا سکتا ہے اور خلانورد (Astronaut) خلائی سفر میں ایسا لباس استعمال کرتے ہیں جن پر آگ اثر انداز نہیں ہوتی اور قرآن کریم نے اس معجزہ کے ذکر کے ساتھ ساتھ دوسرے مقام پر اسی قسم کے لباس کی پیشنگوئی کر کے سائنسی تحقیق کے لئے مہمیز کا کام دیا ہے: ﴿وَجَعَلَ لَکُمْ سَرَابِيلَ تَقِيکُمُ الْحَرَّ﴾<11>undefined یعنی ﴿اور تمہارے لئے ایسے لباس بنا دیئے جو تمہیں گرمی (آگ) سے بچاتے ہیں﴾۔
۲
۔قرآن حکیم نے
حضرت عیسیٰؑ
کی معجزانہ ولادت کو جو بغیر باپ کے ہوئی، حضرت آدمؑ کے ساتھ تشبیہ دی ہے: ﴿إِنَّ مَثَلَ عِيسَى عِنْدَ اللَّهِ کَمَثَلِ آدَمَ خَلَقَهُ مِنْ تُرَابٍ ثُمَّ قَالَ لَهُ کُنْ فَيَکُون﴾<12>undefined ﴿بے شک اللہ کے نزدیک عیسیٰؑ کی مثال آدمؑ جیسی ہے اسے مٹی سے پیدا کیا پھر کہا ہو جا تو وہ ہو گیا﴾۔ جو بغیر ماں باپ کےپیداہوئے۔ آج جدید سائنس مرد کی کسی بھی نوعیت کی وساطت کے بغیر کنواری لڑکیوں کے بطن سے بچے پیدا کرنے کے کامیاب تجربات کر رہی ہے۔ <13>undefined اور جدید تجربات بتلا رہے ہیں کہ ولادت کی دیگر صورتوں کا بھی وجود میں آنا ممکن ہے۔ حشرات الارض میں تو یہ مسلمہ حقیقت ہے کہ بہت سے جاندار نر کی جانب سے بار آوری کے بغیر ہی پیدا ہوتےہیں اور غیر جنسی تولید کے ذریعے افزائش نسل کرتے ہیں۔ بھڑوں (Wasps) میں بھی یہ صورت ہے جن میں نسل نر کے توسط کے بغیر صرف مادہ ہی سے چلتی ہے۔<14>undefined
مگر انسانوں سے متعلق کئے جانے والے جدید تجربات بتلا رہے ہیں کہ ولادت کی دیگر صورتوں کا بھی وجود ممکن ہے اوریہ تجربات قرآن کے آدمؑ اور عیسیٰؑ کی تخلیق اعجازی پر مہر تصدیق ثبت کر کے تشکیکی ذہنیت کو مطمئن کر سکیں گے۔
۳۔حضرت عیسیٰؑ کے دور میں فنِ طب (Medical Science) عروج پر تھا مگر آپ نے اپنے معجزات کےذریعے اس فن کو عروج کمال (Climax) تک پہنچا دیا۔ آپؑ باذن الٰہی بے جان سے جاندار پیدا کر دیتے تھے ﴿أَنِّي أَخْلُقُ لَکُمْ مِنَ الطِّينِ کَهَيْئَةِ الطَّيْرِ فَأَنْفُخُ فِيهِ فَيَکُونُ طَيْرًا بِإِذْنِ اللَّهِ﴾<15>undefined یعنی ﴿میں تمہارے لئے گارے سے پرندے کی شکل بنا دیتا ہوں پھر اس میں پھونکتا ہوں تو وہ اللہ کے حکم سے پرندہ بن جاتا ہے﴾، آپ مردوں کو زندہ کرتے تھے ﴿وَأُحْيِ الْمَوْتَى بِإِذْنِ اللَّهِ﴾<16>undefined اور لاعلاج مریضوں، مادر زاد اندھوں اور کوڑھیوں کو تندرست کر دیتے تھے اللہ کے حکم سے ﴿وَأُبْرِئُ الْأَکْمَهَ وَالْأَبْرَصَ﴾۔<17>undefined
میڈیکل سائنس انتہائی ترقی کے باوجود تا حال اس منزل کو نہیں پا سکی کہ وہ حیات کے قانون سے واقف ہو سکے۔ البتہ اس سمت میں پیشرفت جاری ہے اور انسانی جسم کو منجمد کر کے اسے طویل عرصے تک زندہ رکھنے کے تجربات ہو رہے ہیں اور یہ نمونے ہمیں تحقیق و تفکر کی دعوت دے رہے ہیں اور اگر مادی اسباب، غذا، ادویہ اور سرجری وغیرہ کے ذریعے ان منزلوں کی طرف قدم بڑھایا جائے تو کامیابی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ممکن ہے کسی وقت مردوں کو زندہ کرنے کی تدبیر سے بھی انسان واقف ہو جائے اور خود آپﷺ نے ایک حدیث میں “دجال” کے متعلق یہ پیشن گوئی فرمائی ہے کہ وہ مردے کو زندہ کرے گا۔ حدیث میں ہے کہ ایک مسلمان جب دجال کےمنہ پر اسے جھوٹا کہے گا تو اسے دجال کے حکم پر آرے سے چیر کر دو ٹکڑے کر دیا جائے گا۔ اس کے بعد دجال اسے حکم دے گا کہ زندہ ہو جا وہ صحیح سلامت اٹھ کر زندہ ہو جائیگا۔ پھر دجال اس سے سوال کرے گا کہ اب میرے بارے میں کیا کہتے ہو تو وہ جواب دے گا کہ مرنے کے بعد مجھے تیرے جھوٹا ہونے کا مشاہدہ ہوا ہے اس لئے اب تو مجھے تیرے جھوٹا ہونا کاپورا یقین ہے۔ آپﷺ نے فرمایا کہ دجال کو دوبارہ مومن کے مارنے پر قدرت نہ ہو گی۔
محقق فاضل مولانا مناظر احسن گیلانی نے اسی حدیث سے استدلال کرتے ہوئے احیائے موتیٰ کو انسان کے لئے ممکن قرار دیا جس کی وجہ وہ انسانی زندگی کے قانون سے واقفیت قرار دیتے ہیں۔<18>undefined
واضح رہے کہ قرآن مجید نے احیاء موتیٰ سے متعلق متعدد معجزات مختلف پیغمبروں کے حوالے سے ذکر کئے ہیں مثلاً حضرت ابراہیمؑ کے ذریعہ چار پرندوں کا زندہ ہونا۔<19>undefined حضرت عزیرؑ اور ان کے گدھے کا سو سال بعد زندہ ہونا۔<20>undefined
گویا قرآن حکیم کے مطابق اس مادی زندگی میں مردہ کےزندہ ہونے کے متعدد نمونے گزر چکے ہیں۔
۴۔معجزات موسیٰؑ
میں قرآن حکیم نے عصاء موسوی کے اژدھا بن جانے کا خصوصیت سے ذکر کیا ہے۔ اس نمونہ کو سامنے رکھ کر ماہیت اشیاء کی تبدیلی کے مفروضے کو سائنسی حقیقت بنانے پر توجہ دی جا سکتی ہے۔
انقلاب ماہیت کی توضیح کو ایک سائنسدان سر افرانسیس ینگ ہسبڈ کے ایک اقتباس سے زیادہ بہتر طریقے سے سمجھا جا سکتا ہے جو دراصل اس نے وجود باری کے اثبات میں پیش کیا ہے وہ لکھتا ہے:
جب ہم دیکھتے ہیں کہ ہماری یہ زمین کھولتے ہوئے سورج سےنکلی تھی تو ان بے پناہ تبدیلیوں پر حیرت ہوتی ہے جن کی آخری کڑی دامن کوہ کا ننھا سا رنگین پھول تھا۔ یوں معلوم ہوتا ہے کہ کسی غیر مرئی طاقت نے ناچتے ہوئے شعلوں کو رام کر کے مسکراتے ہوئے پھولوں میں بدل دیا … جب سائنس ہمیں یہ بتاتی ہے کہ وادی تبت کا ننھا سا پھول کسی وقت بھڑکتے ہوئے سورج کا شعلہ تھا تو اسے یہ بھی تسلیم کرنا پڑے گا کہ سورج کے شعلے سے پھول تک کا طویل سفر کسی راہنماء کی نگرانی میں طے ہوا ہو گا ورنہ ایک شعلے میں اتنی دانش کہاں کہ وہ ہزاروں انقلابات سے گزر کر از خود پھول کی ہیئت اختیار کر سکے۔<21>undefined
اس اقتباس کی روشنی میں یہ سمجھنا ہمارے لئے زیادہ آسان ہے کہ سائنسدانوں کے نزدیک اگر سورج کے شعلے سے پھول تک کا سفر کروڑوں اربوں سال میں طے ہو سکتا ہے تو عصا کا اژدھا بننا اور اشیاء کی ماہیت کا تبدیل ہونا کیونکر مستبعد (Improbable) ہو سکتا ہے۔ ممکن ہے تحقیق و تجربات کی روشنی میں انسان کی رسائی ان قوانین تک ہو سکے جن کے ذریعے ماہیت کی تبدیلی کا طویل عمل (Long process) مادی اسباب کے تحت کم سے کم وقت میں ممکن ہو سکے جس کے نمونے انبیاء کے معجزات میں پیش ہو چکے ہیں۔
۵
۔
حضرت داؤدؑ
کےمعجزات میں سے ایک معجزہ ان کی خوش الحانی اور صوتی تأثر ہے۔ جب وہ زبور کی تلاوت اور خدا کی حمد و تسبیح میں مشغول ہوتے تو حیوانات و جمادات ، پہاڑ اور پرندے بھی ان کی ہمنوائی کرتے۔ قرآن میں ہے: ﴿إِنَّا سَخَّرْنَا الْجِبَالَ مَعَهُ يُسَبِّحْنَ بِالْعَشِيِّ وَالْإِشْرَاقِ. وَالطَّيْرَ مَحْشُورَةً کُلٌّ لَهُ أَوَّابٌ﴾<22>undefined یعنی ﴿ہم نے پہاڑوں کو ان کے لئے مسخر کر دیا تھا۔ کہ وہ صبح و شام ان کے ساتھ تسبیح کیا کرتے تھے اورپرندے بھی جمع رہتے تھے اور سب ان کے فرمانبردار تھے﴾۔ اس معجزے سے اس مفروضے کو تقویت ملتی ہے کہ صوتی تاثرات کے ذریعے حیوانات اور پرندوں تک کو مسخر کیا جا سکتا ہے اوریہ کہ جمادات تک میں ایک قسم کی حیات اور شعور موجود ہے جس کی بناء پر وہ تسبیح میں مشغول رہتے تھے اور اس کی تائید دوسری قرآنی آیت سے بھی ہوتی ہے: ﴿وَإِنْ مِنْ شَيْءٍ إِلَّا يُسَبِّحُ بِحَمْدِهِ وَلَکِنْ لَا تَفْقَهُونَ تَسْبِيحَهُمْ﴾<23>undefined یعنی ﴿کوئی چیز ایسی نہیں جو اللہ کی حمد کے ساتھ اس کی پاکی نہ بیان کرتی ہو﴾۔
آپﷺ کے معجزات میں بھی ایسی متعد مثالیں موجود ہیں جن میں نباتات و جمادات کے احساس و شعور کا سراغ ملتا ہے۔ مثلاً درختوں اور پتھروں کا آنحضرتﷺ کو سلام کہنا۔<24>undefined درخت کے خشک تنے کا آنحضرتﷺ کے فراق میں رونا وغیرہ۔<25>undefined
۶
۔حضرت داؤدؑ نے زرہوں، جنگی آلات اور ہتھیاروں کو ترقی دے کر ایسی جدید صنعت ایجاد و متعارف کروائی جس سے لوگ اس سے قبل متعارف نہ تھے۔ اس ٹیکنالوجی میں مہارت کی بدولت آپ نے اپنا دفاع اس حد تک مضبوط کیا کہ قرآن حکیم بھی انہیں ﴿ذَا الْأَيْد﴾ <26>undefinedیعنی ﴿بڑی قوت و طاقت والا﴾ کے القاب سے یاد کرتا ہے اور آپ کی قائم کردہ حکومت کی مضبوطی اور استحکام کی تعریف کرتا ہے: ﴿وَشَدَدْنَا مُلْکَهُ﴾<27>undefined یعنی ﴿ہم نے ان کی سلطنت کو مستحکم کیا﴾۔
حضرت داؤد ؑ کا یہ معجزہ لوہےکی افادیت کا تصور اجاگر کر کے راہنمائی کر رہا ہے کہ لوہے کو کسی بھی سائنسی عمل (Scientific Process) کے ذریعے نرم کر کے (پگھلا کر) دفاعی ٹیکنالوجی اور مفید ایجادات کا حصول ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ آج لوہے اور اسلحہ کی صنعت کی ترقی حضرت داؤدؑ کی معجزانہ صلاحیت اور اس فن میں ان کی دلچسپی اور مہارت کے ذریعے ممکن ہوئی ہے اور جس طرح داؤدؑ نے دفاعی ٹیکنالوجی کے میدان میں سبقت حاصل کر کے مستحکم اور مضبوط حکومت کی بنیاد رکھی آج امت مسلمہ اس ماڈل کو اپنا کر مادی اور روحانی غلبہ کے ذریعے طاغوتی قوتوں کو زیر کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا کو امن و سلامتی اور حقیقی ترقی و فلاح سے آشنا کر واسکتی ہے۔ قرآن حکیم اس دفاعی ٹیکنالوجی کی اہمیت کو
ذوالقرنین
کے واقعہ سے بھی اجاگر کرتا ہے اور مشرق و مغرب میں اس کی فتوحات اور جنگی مہموں کی نشاندہی کرتا ہے۔<28>undefined جسے قرآن کی رو سے اپنے دور کی جدید ترین ٹیکنالوجی میں بھر پور مہارت حاصل تھی اور اس کے ذریعے اس نے اپنی فتوحات کا دائرہ وسیع کیا اور یاجوج ماجوج جیسی وحشی مخلوق کی یلغار روکنے کے لئے لوہے، پگھلے ہوئے تانبے اور پتھروں پر مشتمل ایسی دیوار تعمیر کی جو سد ذوالقرنین کے نام سے مشہور تھی۔ یہ نمونے امت مسلمہ کو دعوت فکر دے رہے ہیں کہ “سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں برتری حاصل کر کے آج بھی اپنے دور کے یاجوج ماجوج کی یلغار کو روک کر اپنے دفاعی حصار کو اس قدر مضبوط بنا سکتی ہے کہ کسی کو اس میں شگاف اور رخنہ ڈالنے کی ہمت و جرأت نہ ہو سکے۔ اور وہ دفاعی حصار سد ذوالقرنین کی طرح اس قدر مضبوط ہو جائے کہ قرآن کے الفاظ میں﴿فَمَا اسْطَاعُوا أَنْ يَظْهَرُوهُ وَمَا اسْتَطَاعُوا لَهُ نَقْبًا﴾<29>undefined یعنی ﴿یعنی ان میں نہ تو اس دیوار کے اوپر چڑھنے کی طاقت تھی اور نہ اس میں کوئی سوراخ کر سکتے تھے﴾ کی تعبیر ان پر صادق ہو سکے۔
واضح رہے کہ جدید سائنس اور فولادی صنعت (Steel Technology) میں مہارت کے بغیر اس منزل تک رسائی ممکن نہیں جس کی اہمیت اور افادیت کی طرف قرآن حکیم کی ایک دوسری آیت غور و فکر کی دعوت دے رہی ہے۔ ﴿وَأَنْزَلْنَا الْحَدِيدَ فِيهِ بَأْسٌ شَدِيدٌ وَمَنَافِعُ لِلنَّاسِ﴾<30>undefined یعنی ﴿ہم نے لوہے کو اتارا (پیدا کیا) جس میں بڑی قوت ہے اور لوگوں کے لئے بے شمار فوائد ہیں﴾۔
۷
۔
معجزات یوسفؑ
میں سے ایک اہم معجزہ خوابوں کی درست تعبیر ہے جو حضرت یوسفؑ نے جیل میں مقید دو قیدی ساتھیوں اور بادشاہ کے خوابوں کے جواب میں بتلائی تھی۔<31>undefined احادیث میں آنحضرت ﷺکی مختلف پیشنگوئیوں کا بھی ذکر ہے جن میں سے بعض خواب کے ذریعے آپ کو معلوم ہوئیں جو در حقیقت معجزات ہیں۔ معجزات ہماری اس طرف راہنمائی کرتے ہیں کہ مستقبل کی پیش بینی ممکن ہے۔ خوابوں کے علم میں تحقیق کے ذریعہ ہم مستقبل میں پیش آنے والے کئی ایک واقعات کی پیشنگوئی کر سکتے ہیں اور ممکنہ خطرات اور مصائب و مشکلات سے تحفظ کے لئے بہتر منصوبہ بندی کی جا سکتی ہے۔ جب کہ حضرت یوسفؑ کی قحط سالی سے تحفظ کے لئے کی جانے والی کاوشوں سے ظاہر ہے جن کا قرآن حکیم نے خاص طور پر حوالہ دیا ہے کہ انہوں نے نہ صرف خواب کی درست تعبیر بتلائی بلکہ اپنی حکمت و دانش کے ذریعہ بہتر منصوبہ بندی کر کے ملک مصر کو خشک سالی کے مضر اثرات سے بھی بچا لیا۔ یہ میدان تا حال سائنسدانوں کی تحقیق و توجہ کا طلبگار ہے اور اس میں تحقیق و تجربات کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
۸
۔
حضرت سلیمانؑ
کو اللہ تعالیٰ نے تسخیر جنات و طیور اور تسخیر ہوا کے معجزات عطاء فرمائے تھے۔ حضرت سلیمانؑ کا لشکر نہ صرف انسانوں پر مشتمل تھا بلکہ ان کے زیرِ تصرف جنات اور پرندوں کے بھی الگ الگ لشکر تھے۔ ارشاد ربانی ہے: ﴿وَحُشِرَ لِسُلَيْمَانَ جُنُودُهُ مِنَ الْجِنِّ وَالْإِنْسِ وَالطَّيْرِ فَهُمْ يُوزَعُونَ﴾<32>undefined یعنی ﴿اور سلیمان کے پاس ا ن کے لشکر جنات انسانوں اور پرندوں کی صورت میں جمع تھے﴾۔ قرآن کریم کے بقول ان کے لئے شیاطین مسخر تھے ۔ ﴿وَالشَّيَاطِينَ کُلَّ بَنَّاءٍ وَغَوَّاصٍ﴾<33>undefined ان کے لئے شیطانوں کو تابع کر دیا گیا تھا جو معمار اور غوطہ زن تھے جن سے وہ دیگر کام بھی لیا کرتے تھے۔<34>undefined انہوں نے سرکش شیاطین کو جو تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے اپنی روحانی قوت کے بل بوتے پر تخریبی سرگرمیوں کے لئے آزاد چھوڑنے کے بجائے مسخر کر کے تعمیری اور مثبت کاموں میں لگا دیا تھا جو حضرت سلیمانؑ کا اعجاز اور عظیم کارنامہ ہے۔ یہ معجزہ راہنمائی کرتا ہے کہ اس کائنات کے اندر مخفی قوتیں اور مخلوقات موجود ہیں جنہیں مسخر کر کے ان سے تعمیری کام لئے جا سکتے ہیں، اور اس بات کا امکان ہے کہ کل ہماری دسترس میں وہ مادی اسباب اور قوانین بھی آ سکیں جن کے ذریعے ان قوتوں کی تسخیر بھی ممکن ہو سکے۔ (جنہیں آج بھی بعض روحانی اسباب کے ذریعہ مسخر کیا جا سکتا ہے)۔
واضح رہے کہ اب مخفی علوم (Parapsychology) کی تحقیقات کے ذریعہ مخفی قوتوں کو زیادہ بہتر طریقے سے سمجھا جانے لگا ہے۔ سائنسدان اور عقل پرست جو اس سے قبل جنات کے وجود کے منکر تھے اب انہیں ممکن سمجھے لگے ہیں۔ سٹیفن ایچ ڈول اور کارل سیگان جیسے نوبل انعام یافتہ سائنسدانوں کی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ کائنات میں جنات جیسی مخلوق کا پایا جانا ممکن ہے جو بغیر غذا کے زندہ ہو، اور جس کے لئے فضا میں پرواز کرنا اور نگاہوں سے غائب ہو نا اور مختلف شکلیں اختیار کرنا ممکن ہو۔
ڈاکٹر ھیرالڈسی ارے نے “The Chemical World” میں سلیکون ، سلفر اور فلورین گیس سے مرکب ایسی مخلوق کے وجود کو ممکن ثابت کیا ہے جسے نہ غذا کی ضرورت ہو اور نہ ہی وہ مسلسل ایک خاص ہیت میں موجود ہو۔ جنات کے وجود کو بعض امریکن Spiritual Scientiests ڈاکٹر سرلاج، ڈاکٹر سرجیمسن اور پروفیسر جوڈ نے بھی اپنی تحقیقات کے ذریعے ثابت کیا ہے۔<35>undefined
۹
۔حضرت سلیمانؑ کو بطور معجزہ پرندوں کی بولیوں کا علم بھی عطاء ہوا۔ قرآن میں ہے: ﴿يَاأَيُّهَا النَّاسُ عُلِّمْنَا مَنْطِقَ الطَّيْرِ﴾<36>undefined یعنی ﴿اے لوگو! ہمیں پرندوں کی بولی سکھائی گئی ہے﴾۔ قرآن حکیم نے حضرت سلیمانؑ کی چیونٹیوں کی گفتگو سننے اور ھُدھُد پرندے سے ان کے مکالمہ اور گفتگو کا خاص طور پر حوالہ دیا ہے۔<37>undefined پرندوں کی بولیوں کے علم کو جسے قرآن حکیم حضرت سلیمانؑ کے معجزانہ کمالات میں سے قرار دیتا ہے اس علم کی اہمیت کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ وہ ان سے متعلق تفصیلی واقعات اور باہمی مفصل گفتگو کو بھی نمایاں کر رہا ہے جس کے ذریعے اس علم کے سمجھنے کی بھی ترغیب مل رہی ہے۔ آج اس علم میں دسترس حاصل کر کے اور حیوانات اور پرندوں کی تربیت کے ذریعے انسانی فلاح و بہبود کے متعدد مقاصد حاصل کئے جا سکتے ہیں اور کئے جا رہیں ہیں جن کا تصور ان معجزات نے فراہم کیا ہے۔ قرآن حکیم کے بیان کے مطابق حضرت سلیمانؑ ھُد ھُد پرندے سے پیغام رسانی کا کام لیتے تھے اور مفسرین کے نزدیک پانی کی تلاش میں بھی اس سے مدد لیتے تھے اور بعض پرندے اپنی غیر معمولی ذہانت اور فطری جبلت کی بناء پر زیادہ مفید اور کار آمد ثابت ہو سکتے ہیں جیسا کہ ھُد ھُد پرندے کی گفتگو سے واضح ہے جسکی تفصیل قرآنی آیات میں دی گئی ہے۔ Animal Sciences میں اس تصور کی روشنی میں حوصلہ افزاء پیش رفت ہو رہی ہے اور شاید وہ دن دور نہیں جب انسان حیوانوں اور پرندوں کی بولیوں کو سمجھنے پر اس طرح قادر ہو جائے جس طرح وہ خود انسانی بولیوں کو سمجھنے پر قدرت رکھتا ہے۔
Ethology اور Ornithrology جیسے حیاتیاتی علوم بہتر طور پر جانوروں کی حرکات و سکنات اور بولیوں کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔
۱۰
۔حضرت سلیمانؑ کو تسخیر ہوا کا معجزہ بھی عطاء ہوا۔ قرآن حکیم میں ہے؛ ﴿وَلِسُلَيْمَانَ الرِّيحَ غُدُوُّهَا شَهْرٌ وَرَوَاحُهَا شَهْرٌ﴾<38>undefined یعنی ﴿اور سلیمانؑ کے لئے ہوا کو مسخر کر دیا کہ ان کی صبح کی منزل بھی اور شام کی منزل بھی ایک ماہ بھر کی ہوتی﴾ یعنی ہوا ان کے تخت کو اڑا کر ایک ماہ کی مسافت کو صبح یا شام کے وقت میں طے کرا لیتی تھی اس معجزے نے پرندوں کی طرح ہوا کے دوش پر اڑنے کی انسانی خواہش کو مہمیز دی اور اس تصور کو ممکن بنا دیا کہ انسان فضا میں سفر کر سکتا ہے اور کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ مسافت کو طے کر سکتے ہے۔ آج جدید ترین اور تیز رفتار سواریوں نے نقل و حمل کو آسان بنا دیا ہے اور قرآن حکیم کی ایک آیت میں بھی انسانی تحقیق و تجربہ کو ایک پیشنگوئی کے ذریعے مزید تحریک دی گئی ہے: ﴿وَيَخْلُقُ مَا لَا تَعْلَمُونَ﴾<39>undefined یعنی ﴿اور وہ ایسی چیزیں (سواریاں) بھی پیدا کرے گا جنہیں تم نہیں جانتے﴾۔ احادیث نبویﷺ می ں زیادہ وضاحت کے ساتھ یہ پیشنگوئیاں موجود ہیں۔
حضرت سلیمانؑ کے ایک صحابیؓ آصف برخیا نے آنکھ جھپکنے سے کم مدت میں ملکہ سبا کے تحت کو تقریباً 900 میل کے فاصلے سے حاضر کر کے یہ تصور بھی دیا ہے کہ مادی اجسام کی اس قدر تیز رفتاری سے بھی نقل و حرکت ممکن ہے۔ جو آج کی سائنس کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے۔ ان معجزاتی نمونوں کے زیرِ اثر تحقیقی تجربات ہو رہے ہیں۔ آج سائنسدانوں نے صوتی لہروں کو ریڈیائی لہروں میں تبدیل کر کے ایک لاکھ چھیاسی ہزار میل فی سیکنڈ کی رفتار سے آواز،تصاویر اور پیغامات کو دور دراز مقامات تک پہنچانے اور وصول کرنے کا مرحلہ تو بڑی کامیابی کے ساتھ کر لیا ہے مگر مادی اجسام کی اس تیز رفتاری کے ساتھ نقل و حرکت تاحال ممکن نہیں ہو سکی مگر یہ سوچ فروغ پا رہی ہے کہ شاید مستقبل میں ایسا ممکن ہو سکے۔ اشیاء اور اجسام الیکٹرانوں اور پروٹانوں کی لہروں میں تبدیل کر کے روشنی کی رفتار پر سفر کر سکیں اور آنکھ چھپکنے میں بعید فاصلوں تک منتقل کئے جا سکیں اور پھر ان لہروں کو بھی جمع کر کے انہیں اصلی حالت میں لانا شاید ممکن ہو سکے گا۔ بہرحال معجزات اس امکان کی تائید کرتے ہیں۔
۱۱۔آنحضرتﷺ کے معجزات
میں سے سفرِ معراج وہ عظیم معجزہ ہے جس کے ذریعے آپﷺ مسجد اقصیٰ اور ساتوں آسمانوں سے بھی گزر کر لامکاں تک جا پہنچے اور کھربوں نوری سال سے بھی زائد مسافت طے کر کے ایک لمحے میں واپسی کا سفر طے کر لیا۔<40>undefined تیز رفتاری کی اس سے بڑھ کر مثال ممکن نہیں۔ اس سفر میں آپ کی سواری کا نام احادیث میں براق آیا ہے جو مبالغہ کا صیغہ ہے جس کے معنی تیز بجلی اور روشنی کے ہیں گویا وہ روشنی کی رفتار سے بھی کئی گناہ زیادہ تیز تھی۔ حضورﷺ کے واقعہ معراج نے جس کی تفصیلات احادیث میں موجود ہیں۔ فضا، فلکیات، طبیعات اور سماعی علوم کی طرف انسانوں کو تشویق دلائی اور تسخیر کائنات کے بند دروازوں کو کھولنے کی ترغیب دی۔ خلائی راکٹ براق ہی کی ایک ادنیٰ شکل اور مادی نمونہ ہے جس نے تسخیر ماہتاب کو ممکن بنایا اور جس کی پیشنگوئی قرآن حکیم نے چودہ سو سال قبل کر دی تھی ﴿وَالْقَمَرِ إِذَا اتَّسَقَ. لَتَرْکَبُنَّ طَبَقًا عَنْ طَبَقٍ. فَمَا لَهُمْ لَا يُؤْمِنُونَ﴾<41>undefinedیعنی ﴿قسم ہے چاند کی جب وہ پورا دکھائی دیتا ہے تم یقیناً طبق در طبق ضرور سواری کرتے جاؤگے تو انہیں کیا ہو گیا ہے کہ وہ ایمان نہیں لاتے﴾۔ معلوم نہیں خلائی فتوحات اور تسخیر کائنات کے اس سفر میں ابھی انسان نے کن کن منزلوں کو طے کرنا ہے۔ منزل مصطفیٰ تک رسائی ممکن نہیں تاہم اس رستے کی گرد راہ ہی کو پا لینا بھی غنیمت ہے۔ اقبال مرحوم نے معراج کے سی پہلو کی طرف اپنے اس شعر میں متوجہ کیا ہے:
سبق ملا ہے یہ معراج مصطفیٰ سے مجھے کہ عالم بشریت کی زد میں ہے گردوں
۱۲
۔انبیاء کرام کی غیر معمولی قوتوں کے پیشِ نظر وہ کچھ دکھائی دیتا ہے جنہیں عام نگاہیں نہیں دیکھ سکتیں ان کی نگاہوں کے سامنے مادی حجابات اٹھائے دیئے جاتے ہیں وہ فرشتوں اور جنات کو جنت اور دوزخ کو دیکھ لیتے ہیں جب قریش مکہ نے آنحضرت ﷺ کے مسجد اقصیٰ کے سفر (اسراء) اور سفر معراج کو جھٹلایا اور آپ سے مسجد اقصیٰ کے متعلق تفصیلات طلب کیں تو احادیث میں ہے کہ مسجد آپﷺ کی نگاہوں کے سامنے کر دی گئی۔<42>undefined
غزوہ موتہ میں آنحضرتﷺ نے جھنڈا اٹھانے والوں کی شہادت کا منظر مدینہ میں دیکھ لیا۔<43>undefined غزوہ خندق میں چٹان کی ضرب سے پیدا ہونے والی چمک میں آنحضرتﷺ نے شام، ایران اور یمن کے شاہی محلات دیکھ لئے۔<44>undefined نیز آپﷺ ایک حدیث میں ارشاد فرماتے ہیں: “ان الله تعالیٰ طویٰ لي الارض حتی رأيت مشارقها و مغاربها” یعنی “بلاشبہ اللہ تعالیٰ نے میرے لئے زمین سکیڑ دی حتی کہ میں نے اس کے مشارق و مغارب کو دیکھ لیا”۔<45>undefined
آنحضرتﷺ کے روحانی کمالات جب صحابہؓ میں منتقل ہوئے تو حضرت عمرؓ نے مدینہ منورہ میں خطبہ کے دوران ہزاروں میل دور کی مسافت پر موجود لشکر کے سپہ سالات حضرت ساریہؒ کو “يا سارية الجبل” یعنی “اے ساریہ! پہاڑ کی طرف” کے الفاظ کے ساتھ راہنمائی کر کے لشکر کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔<46>undefined
آج جدید ذرائع ابلاغ و مواصلات (Communication Technology) نے نہ صرف ان معجزات کو قابل فہم بنا دیا ہے بلکہ اس میدان میں انسان کی مسلسل تک و دو کے مزید مثبت نتائج سامنے آنے کے امکانات بھی موجود ہیں۔
۱۳
۔آنحضرتﷺ کا ایک عظیم معجزہ شق القمر یعنی چاند کا آپ کی انگشت مبارک سے دو ٹکڑے ہونا۔ ہمیں دیگر سیاروں تک دسترس اور اس کرہ ارضی سے کی جانے والی انسانی تبدیلیوں کی قدرت کے امکانات کو ظاہر کر کے نامعلوم دنیاؤں کی تسخیر کی تحریک دے رہا ہے اور انسان نے اپنی تحقیق و تجربات کے ذریعے اس میں نمایاں کامیابیاں بھی حاصل کر لی ہیں۔
معجزات کے اس مطالعہ کی روشنی میں ہم اس نتیجہ تک پہنچتے ہیں کہ معجزات کا ظہور آج بھی ممکن ہے۔ کل اگر وہ معجزات انبیاء کے ہاتھوں مادی اسباب کے بغیر یا روحانی اسباب کے تحت باذن الٰہی وجود میں آئے تھے تو آج سائنسی تحقیقات و تجربات کے ذریعے مادی اور ظاہری اسباب کے تحت ان کے وجود میں آنے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم اب ان کی حیثیت سائنسی انکشافات و دریافت اور ایجاد کی ہو گی نہ کہ معجزات کی، البتہ ان معجزات کا اعادہ ممکن نہ ہو گا جن کے متعلق یہ واضح کر دیا گیا ہے کہ ان کی نظیر پیش کرنا ممکن نہیں۔ اس بحث سے خدانخواستہ معجزات کی اہمیت کم کرنا مقصود نہیں بلکہ معجزات انبیاء کی اہمیت، عظمت اب بھی اپنی جگہ مسلم ہے کیونکہ وہ مادی اسباب کے بغیر ظہور میں آئے جب کہ جدید سائنسی انکشافات و ایجادات مادی اسباب کی مرہون منت ہیں۔ معجزات کے متعلق یہ نقطۂ نظر انسان کے ذوق تحقیق کے لئے مہمیز کا کام دے سکتا ہے اور تحقیق کے بند دروازوں کو کھولنے کے ساتھ ساتھ ہمارے فکری زاویوں کی تشکیل اور ذہنی افق کی توسیع میں بھی نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ معجزات ابنیاء تحقیق و تدبر کی کلید (Key)، علم و حکمت کا خزانہ اور مادی وروحانی ترقی کا زینہ ہیں جن کے ذریعے معراج کمال تک پہنچا جا سکتا ہے، جو درحقیقت مذہب کا مقصود ہے اور مذہب کی حقیقی روح ہی کے ذریعے ایک ایسی متوازن زندگی کی تشکیل و تعمیر ممکن ہے جو دنیوی اور اخروی سعادتوں کی ضمانت دے سکے۔
پروفیسر ڈاکٹر ازکیاء ہاشمی، ڈین، فیکلٹی آف آرٹس، ہزارہ یونیورسٹی، مانسہرہ
حواشی و حوالہ جات
<1>undefined امام غزالی ؒ نے “المنقذمن الضلال” میں، ابن تیمیہ نے “الجواب الصحیح” اور مجموعہ فتاویٰ شیخ الاسلام ابن تیمیہ میں، رازی نے “تفسیر کبیر” میں، سر سید احمد خان نے “تفسیر القرآن” میں، مولانا شبلی نعمانی نے “الکلام اور علم الکلام میں، ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے (Reconstruction of Religious thoughts) اور دیگر نثری تحریروں میں، مولانا بدر عالم نے ترجمان السنۃ میں، مولانا شبیر احمد عثمانی نے اپنے رسالہ “اسلام اور معجزات “ میں، مولانا حفظ الرحمان سیوہاروی نے “قصص القرآن” میں، اور شیخ مصطفیٰ صبری بک نے “موقف العقل والعلم والعالم” میں اس موضوع پر تفصیلی بحث کی ہے۔
<2>undefined تفصیل کے لئے دیکھئے: The Encyclopedia of Philosophy. Vol-5 (New York). Pp. 346-353; Enxyclopaedia Britanica. Vol-12, p 269-274
<3>undefined ابو شکور، التمہید فی بیان التوحید، ص۷۱
<4>undefined القرآن الکریم، سورۃ البقرہ، ۲: ۵۷
<5>undefined القرآن الکریم، سورۃ البقرہ، ۲: ۶۰
<6>undefined القرآن الکریم، سورۃ البقرہ، ۲: ۵۷
<7>undefined القرآن الکریم، سورۃ البقرہ، ۲: ۲۳
<8>undefined ضرب الخاتم: حدوث عالم پر علامہ کشمیری کا انتہائی فکر انگیز رسالہ ہے جو عربی اشعار کی صورت میں آپ نے مرتب کیا ہے۔ یہ رسالہ سولہ صفحات پر مشتمل ہے جسے المجلس العلمی کراچی نے ۱۳۸۲ھ میں طبع کیا۔
<9>undefined حیات انور،ص ۱۸۱۔۱۸۲، بحوالہ “مولانا انور شاہ کشمیری کے علوم و معارف”، مرتب کردہ: مولانا محمد اقبال قریشی۔ ط: ۱۹۸۰ء، دارالاشاعت، کراچی، ص۵۰
<10>undefined القرآن الکریم، سورۃ الانبیاء : ۶۹
<11>undefined القرآن الکریم، سورۃ النحل : ۸۱
<12>undefined القرآن الکریم، سورۃ آل عمران، :۵۹
<13>undefined ششماہی “السیرۃ العالمی، مقالہ سائنسی تجربیت کی روحانی بنیادیں”، ڈاکٹر مظہر بقا، ط: ۱۹۹۹ء، ص ۹۷
<14>undefined ایضاً؛ نیز دیکھیں: Principle & process of Biolog، بحوالہ : ششماہی “السیرۃ العالمی، مقالہ سائنسی تجربیت کی روحانی بنیادی” ، ڈاکٹر مظہر بقاء، ط:۱۹۹۹ء، ص۹۷۔۱۰۱
<15>undefined القرآن الکریم، سورۃ آل عمران، :۴۹
<16>undefined القرآن الکریم، سورۃ آل عمران، :۴۹
<17>undefined القرآن الکریم، سورۃ آل عمران، : ۴۹
<18>undefined مناظر احسن گیلانی، الدین القیم، ط: ۲۰۰۱ء، مکتبہ سعدیہ، کراچی، ص ۴۰
<19>undefined القرآن الکریم، سورۃ البقرۃ، ۲: ۲۶۰
<20>undefined القرآن الکریم، سورۃ البقرۃ، ۲: ۲۵۹
<21>undefined ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ملک، وجود باری تعالیٰ اور توحید”، ط: ۱۹۸۶ء، مکتبہ قرآنیات، لاہور، ص ۱۲۳
<22>undefined القرآن الکریم، سورۃ صٓ، : ۱۸۔۱۹
<23>undefined القرآن الکریم، سورۃ بنی اسرائیل، : ۴۴
<24>undefined بخاری، کتاب المناقب، باب ذکر الجن؛ مسلم، کتاب الفضائل
<25>undefined بخاری، کتاب الجمعہ، باب الخطبۃ علی المنبر
<26>undefined القرآن الکریم، سورۃ صٓ، : ۱۷
<27>undefined القرآن الکریم، سورۃ صٓ، : ۲۰
<28>undefined القرآن الکریم، سورۃ الکہف، : ۸۳۔۹۷
<29>undefined القرآن الکریم، سورۃ الکہف، : ۹۷
<30>undefined القرآن الکریم، سورۃ الحدید، : ۲۵
<31>undefined القرآن الکریم، سورۃ یوسف، : ۳۶۔۴۹
<32>undefined القرآن الکریم، سورۃ النحل، : ۱۷
<33>undefined القرآن الکریم، سورۃ صٓ، : ۳۷
<34>undefined القرآن الکریم، سورۃ السباء، : ۱۳
<35>undefined روزنامہ جنگ، کراچی، اکتوبر، ۱۹۹۰ء، بحوالہ : خزینہ، مرتب: اسلم شیخو پوری، دارالاشاعت کراچی، ص ۲۴۰۔۲۴۲
<36>undefined القرآن الکریم، سورۃ النحل، : ۱۶
<37>undefined القرآن الکریم، سورۃ النحل، : ۱۸۔۲۸
<38>undefined القرآن الکریم، سورۃ الزخرف، : ۱۲
<39>undefined القرآن الکریم، سورۃ النحل، : ۴
<40>undefined بخاری ومسلم، باب المعراج
<41>undefined القرآن الکریم، سورۃ الانشقاق، : ۱۸۔۲۰
<42>undefined ایضاً
<43>undefined بخاری، باب غزوہ موتہ
<44>undefined بخاری و مسلم، غزوہ احزاب
<45>undefined صحیح مسلم، ۲/ ۳۹۰
<46>undefined مشکوٰۃ المصابیح، حدیث ۵۴۶